(UR)خبریں(UR)سیاست(UR)اقتصادTOP(UR)

امارت اسلامیہ کی جانب سے افغانستان کی اقتصادی صورتحال پر عالمی بینک کی تازہ ترین رپورٹ کی ستائش

کابل (بی این اے) امارت اسلامیہ افغانستان کے نائب وزیر اعظم برائےاقتصادی امور کے آفس نے آج ایک بیان جاری کرتے ہوئے افغانستان کی اقتصادی صورتحال پر عالمی بینک کی تازہ ترین رپورٹ کو سراہا ہے۔
نائب وزیر اعظم آفس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عالمی بینک کی جانب سے 30 مئی 2023 کو افغانستان کی اقتصادی صورتحال پر ایک رپورٹ شائع کی گئی تھی جس میں افغانستان کی معاشی صورتحال کے بارے میں حقائق بیان کیے گئے ہیں۔
نائب وزیر اعظم آفس نے بینک کی رپورٹ میں ملک کی اقتصادی صورت حال کے حوالے سے پیش کیے گئے حقائق کی ستائش کی ہے اور کہا ہے کہ رپورٹ میں موجود حقائق اور موضوعات وہ حقیقی تصویر ہے جو بینک نے اقتصادی نقل و حرکت کے حوالے سے دنیا کے سامنے پیش کی ہے۔
بینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اشیائے خورد و نوش اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے، غیر ملکی کرنسیوں کے مقابلے افغانی کی قدر مستحکم رہی، برآمدات کے ساتھ درآمدات اور قومی آمدنی میں بھی اضافہ ہوا ہے، سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بر وقت ادا کی گئی ہیں۔ ملک کے اندر خوراک کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے اور بینکوں سے رقم نکالنے کی سہولتیں پیدا کی گئی ہیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے امارت اسلامیہ افغانستان اس پر یقین رکھتی ہے کہ اگر عالمی بینک کی طرح دیگر عالمی ادارے بھی افغانستان کی حقیقی تصویر دنیا کے سامنے پیش کریں تو اس سے ایک جانب دنیا حقیقی صورت حال سے آگاہ ہوگی اور دوسری جانب امارت اسلامیہ سے مثبت تعلقات کی راہ ہموار ہوگی۔
امارت اسلامیہ افغانستان نے تمام بین الاقوامی اداروں اور امدادی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغانستان کی تعمیر نو میں امارت اسلامیہ کے ساتھ تعاون کریں، اس سے بے روزگاری کی شرح میں کمی آئے گی اور ملک کی اقتصادی صورتحال پر زیادہ مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
آخر میں امارت اسلامیہ نے عالمی بینک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغانستان کے بارے میں حقائق کی اشاعت کے ساتھ ساتھ وہ منصوبے مکمل کرے جن کی مالی اعانت عالمی بینک نے ذمے لی تھی اور اب وہ ادھورے پڑے ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

واپس اوپر بٹن