
کابل (بی این اے) امارت اسلامیہ افغانستان کے نائب وزیر اعظم برائے اقتصادیات ملا عبدالغنی برادر نے پاکستان کے وزیر دفاع سے ملاقات کی جو آج ایک اعلیٰ سطحی وفد کی سربراہی میں کابل پہنچے ہیں۔
اس ملاقات میں فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات، تجارت، علاقائی مواصلات اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
نائب وزیر اعظم برائے اقتصادیات نے اپنی گفتگو میں کہا کہ افغانستان اور پاکستان دو پڑوسی ممالک ہیں اور انہیں ایک دوسرے کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنے چاہئیں۔
انہوں نے پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ پر بھی زور دیا اور اچھے تعلقات کو دونوں ممالک کے مفاد میں قرار دیا۔
ملا برادر نے مزید کہا ضروری ہے کہ تجارتی اور اقتصادی مسائل سیاسی اور سیکورٹی مسائل کا شکار نہ ہوں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امارت اسلامیہ چاہتی ہے کہ پاکستان ان افغانوں کو رہا کرے جو اس وقت پاکستانی جیلوں میں قید ہیں۔
ملا برادر نے مزید کہا طورخم اور اسپین بولدک کے تمام مسافروں کو ضروری سہولیات فراہم کی جائیں اور ایمرجنسی مریضوں کی آمدورفت کے لیے خصوصی سہولیات پیدا کی جائیں۔
پاکستانی فریق نے امارت اسلامیہ افغانستان کو مذکورہ مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی اور مزید کہا کہ اس سلسلے میں متعلقہ وزارتیں اور نامزد کمیٹیاں تیزی سے کام کریں گی۔