(UR)خبریں(UR)سیاست(UR)‏معاشرہTOP(UR)

جو لوگ افغانستان کے معاشی حالات کی ابتری کا انتظار کر رہے ہیں ان کی خواہش پوری نہیں ہو گی: مولوی امیر خان متقی

کابل (بی این اے) افغان وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے آج نیو کابل سٹی نیشنل پراجیکٹ کے عملی امور کی افتتاحی تقریب میں کہا کہ جو لوگ افغانستان کے حالات خراب ہونے کی توقع کر رہے ہیں، ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہو گی۔
مولوی امیرخان متقی نے مزید کہا کہ ظاہر ہے کہ سیاسی میدان میں خاص طور پر اپنی حکومت تسلیم کرانے کے حوالے سے مسائل ہوں گے، لیکن اس سب کے باوجود امارت اسلامیہ نے دیگر شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ وقت گیا جب یہاں کچھ لوگ عوام کی ہلاکت و تباہی کے منصوبے ٹھیکے پر خریدتے تھے۔
مولوی امیر خان متقی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مستقبل قریب میں ہم امارت اسلامیہ کے ساتھ دنیا کا بہتر تعامل اور موجودہ مسائل کا خاتمہ ہوتا دیکھیں گے۔
نائب وزیر خارجہ شیر محمد عباس ستانکزئی نے اس تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امارت اسلامیہ نے مختصر عرصے میں اعلیٰ اقتصادی اقدامات کیے ہیں اور عملی طور پر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ افغانستان کی تعمیر کے لیے پرعزم ہے۔
شیر عباس ستانکزئی نے مزید کہا کہ افغانوں نے اپنے ملک کے وقار، عزت اور آزادی کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور اب بھی ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 2 سال قبل یہاں روزانہ درجنوں افراد مارے جاتے تھے لیکن اب (روزانہ کی بنیاد پر) پورے ملک سے ایک ہلاکت کی خبر نہیں آتی، افغانوں کو اس عظیم تحفے پر اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔
ستانکزئی نے مزید کہا کہ امارت اسلامیہ اپنے لوگوں کو معاشی مسائل سے بچانے کے لیے اسی طرح پرعزم ہے جس طرح کہ اس نے بیرونی جارحیت سے انہیں بچایا ہے۔
یاد رہے کہ نائب وزیر خارجہ نے پڑوسی ممالک سے سنجیدہ درخواست کی تھی کہ اگر وہ افغانستان کی مدد نہیں کر سکتے تو افغانوں کو اپنے حال پر چھوڑ دیں کہ وہ اپنا ملک بنائیں اور پرامن زندگی گزاریں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

واپس اوپر بٹن