
کابل (بی این اے) وزیر ہائیر ایجوکیشن شیخ الحدیث مولوی ندا محمد ندیم نے قندہار یونیورسٹی کی گریجویشن سرمنی سے خطاب کرتے ہوئے جدید تعلیمی نصاب کی تیاری اور جدید دور کے مطابق نصاب میں تبدیلی پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم پوری توانائی کے ساتھ نظام تعلیم کی مضبوطی کے لیے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تعلیمی وظائف کے حصول کے ذریعے اپنے اساتذہ و طلبہ کے استعدادوں میں اضافے کے لیے کوشاں ہیں۔
انہوں نے قندہار یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبہ پر زور دیا کہ اپنے علم و دانش اور اپنی پیشہ ورانہ مہارتوں سے اس ملک کے عوام کی خدمت کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک اب تمھارے ہاتھوں میں ہے۔ آپ کو روز گار کی فراہمی کا مسئلہ کابینہ اجلاس میں پیش کروں گا تاکہ آپ لوگوں کو خدمت کا موقع میسر آئے۔
بعد ازاں نائب گورنر قندہار حیات اللہ مبارک نے یونیورسٹی اساتذہ اور ذمہ داران کا یونیورسٹی کی تعلیمی ترقی میں کردار پر شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے آخر میں 1500فارغ التحصیل طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں۔