
کابل (بی این اے) مولوی احمد اللہ وثیق نے آج ایک خصوصی تقریب کے دوران محکمہ فزیکل ٹریننگ اینڈ سپورٹس کے سربراہ کے طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ اس موقع پر محکمے کے سابق سربراہ نے انہیں رسمی طور پر اپنی نشست پیش کی اور محکمے کے دیگر حکام سے ان کا تعارف کرایا۔
باختر نیوز کے نامہ نگار کے مطابق فزیکل ٹریننگ اینڈ سپورٹس کے سابق سربراہ مولوی عبدالودود حقانی نے اپنی گفتگو میں مولوی احمد اللہ و ثیق کو امارت اسلامیہ کی ایک معروف اور باصلاحیت شخصیت قرار دیا اور واضح کیا کہ اسپورٹس کے شعبہ میں پیشہ ورانہ عملہ موجود ہے۔ امارت اسلامیہ کی آمد سے اس ادارے نے ترقی اور کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
اسی دوران وزارت اطلاعات و ثقافت کے سیکریٹری برائے فن و ثقافت مولوی عتیق اللہ عزیزی نے کہا کہ مولوی احمد اللہ وثیق نے امارت اسلامیہ کے ثقافتی اور عسکری شعبوں میں بہت خدمات انجام دی ہیں اور وہ بہترین کارکردگی دکھانے والے افراد میں سر فہرست ہیں۔
اجلاس کے آخر میں فزیکل ٹریننگ اینڈ اسپورٹس کے نئے سربراہ مولوی احمد اللہ وثیق نے انتظامیہ میں تبدیلی کو ایک معمول قرار دیا اور کہا کہ یہ تبدیلیاں امارت اسلامیہ کے قائدین کے وژن کے مطابق کی گئی ہیں۔
انہوں نے امارت اسلامیہ کے قائدین کے اعتماد پر شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ پیشہ ور ماہرین افراد کے تعاون سے اس ادارے کو مضبوط اور مستحکم کرنے کی کوشش کریں گے۔
فزیکل ٹریننگ اینڈ سپورٹس کے سربراہ نے اس شعبہ کے صوبائی حکام سے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں پر زیادہ توجہ دیں اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی اور دیگر کھیلوں کے اداروں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ افغانستان اولمپک کمیٹی کے ساتھ تعاون کریں۔
یاد رہے کہ مولوی احمد اللہ وثیق اس سے قبل نیشنل ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے سربراہ تھے۔ جہادی دور میں انہوں نے مختلف شعبوں بالخصوص امارت اسلامیہ کے ثقافتی کمیشن اور قومی ریڈیو اور ٹیلی ویژن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔