
کابل (بی این اے) وزیر تعلیم مولوی حبیب اللہ آغا سے ترکیہ کی تعلیمی تنظیم کے سربراہ علی کارا گوز نے ملاقات کی۔
علی کارا نے اس ملاقات میں کہا کہ ترک تعلیمی تنظیم نے افغانستان کے 8 صوبوں میں 49 تعلیمی مراکز قائم کیے ہیں۔ جس میں 4989 افراد تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ ان مراکز میں 1026 افراد تدریس اور دیگر خدمات میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم وزارت تعلیم کے تحت کام کرنے والے اساتذہ اور انتظامی عملے کی صلاحیتوں کی بہتری کے لیے تربیتی کورسز اور سیمینارز منعقد کرنا چاہتی ہے۔
وزیر تعلیم نے اپنی گفتگو میں علی کارا کو خوش آمدید کہا، انہوں نے ترکیہ اور افغانستان کے تعلقات کے تاریخی تناظر پر گفتگو کی اور اپنے حالیہ دورہ ترکیہ میں وہاں علما، حکام اور دیگر طبقات کی جانب سے گرم جوش استقبال کا تذکرہ کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ تعلیم کے معاملے میں ان کا پوری طرح ساتھ دیں گے۔
یاد رہے علی کارا گوز سے قبل صالح ساغر افغانستان میں مذکورہ تنظیم کے سربراہ رہے۔