
کابل (بی این اے) کابل میں یونیسیف کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل سے ملاقات میں وزیر نیچرل ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے کہا یونیسیف کو سیاسی مسائل سے ہٹ کر افغانستان میں اپنا کام جاری رکھنا چاہیے۔
مذکورہ وزارت کے پریس آفس نے آج خبر دی ہے کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے وزیر ملا محمد عباس آخوند نے یونیسیف کے جنرل ڈائریکٹر فران ایکوائز اور اس تنظیم کے مرکزی زون کی سربراہ مسز آنا کینڈراک سے ملاقات کی۔
ملاقات میں ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے وزیر نے کہا یہ وزارت غیر سیاسی ہے جو مستحقین اور متاثرین کی مدد کرتی ہے، یونیسیف بھی انسانی ہمدردی کے کام کرتا ہے اور اسے سیاست سے ہٹ کر افغانستان کے عوام کی خدمت جاری رکھنی چاہیے۔
انہوں نے بدخشاں کے ضلع واخان کے مکینوں کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ترجیح ملک کے دور دراز علاقوں میں ایسے ضرورت مندوں کا خیال رکھنا ہے جن کو رہائش کی کوئی اچھی سہولت میسر نہیں ہے۔
اس کے ساتھ ہی کابل میں یونیسیف کے دفتر کے سربراہ نے کہا کہ وہ افغانستان کے عوام کی زیادہ سے زیادہ خدمت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے افغانستان میں اپنی تنظیم کے پروگراموں کے بارے میں معلومات دیں۔